اسمبلی کو بہت سنجیدہ تھریٹ ہے، کسی دن چھری یا گولی نہ چل جائے’ شیخ رشید

اسلام آباد: (جیوعوام) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں کسی دن چھری یا گولی نہ چل جائے، پاناما کیس کا فیصلہ دس پندرہ روز میں آنے کی امید کا اظہار بھی کیا۔

شیخ رشید نے نئی پیش گوئی کر دی۔ پارلیمنٹ میں چھری یا گولی چلنے کے خطرے کی نشاندہی کر ڈالی، کہتے ہیں اسمبلی کو بہت سنجیدہ تھریٹ ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے فوجی عدالتوں کے معاملے پر نواز شریف اور زرداری کو ایک قرار دیا اور ان کی مدت میں توسیع کو پاناما کیس کے فیصلے سے جوڑ دیا۔

شیخ رشید نے کہا امید ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ دس سے پندرہ دن میں آ جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017ء میں الیکشن ہونے یا نہ ہونے کا تو نہیں پتا مگر یہ بہت دہشتناک اور وحشتناک سال ہے۔