اے بی ڈویلیئر ز نے وارنر سے ون ڈے کرکٹ کی بادشاہت چھین لی

دبئی : ( سکائی نیوز ) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی ، انگلش ٹیسٹ کپتان جو روٹ 4 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے جبکہ قومی بلے باز بابر اعظم نے ایک سیڑھی چڑھ کر نویں پوزیشن حاصل کرلی ہے لیکن پروٹیز بلے باز ہاشم آملہ 5درجے تنزلی کا شکار ہو کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ہیں ۔باؤلرز میں عمران طاہر سرفہرست ہیں جبکہ عادل رشید تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، شکیب الحسن نمبر ون آل راؤنڈر برقرار ہیں ۔ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے ، بھارت چوتھے ، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے ، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر موجود ہے ۔