بلاول کے بعد آصف زرداری کا بھی لاہور آنے کا فیصلہ

کراچی: (ٹیسکو نیوز) بلاول بھٹو کے بعد آصف علی زرداری نے بھی لاہور آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جناح ہسپتال آمد، ڈاکٹر عاصم سے ملاقات، خیریت دریافت کی۔ سابق صدر آصف زرداری آئندہ چند روز میں لاہور آئیں گے۔ ان کے دورۂ لاہور کے دوران، پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ان کے مختلف شخصیات سے رابطے مکمل ہو گئے ہیں اور معاملات طے کر دیئے گئے ہیں۔

آصف زرداری کی بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ بلاول بھٹو بھی جمعتہ المبارک سے لاہور میں مختلف اجلاسوں میں مصروف ہیں۔ پروگرام کے مطابق، بلاول بھٹو منگل کے روز کراچی روانہ ہوں گے۔

دریں اثناء، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اتوار کی شب اچانک کراچی کے جناح ہسپتال پہنچ گئے۔ آصف زرداری نے جناح ہسپتال کے سپیشل وارڈ میں زیرعلاج پارٹی رہنماء اور پی پی پی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال اور ڈاکٹر عاصم پر قائم مقدمات پر بھی بات چیت ہوئی۔