پاکستانی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کیلئے تیار ہیں :مریم نواز

خواتین کو بااختیار بنانے میں ویمن کاکس کا اہم کردار ، انہیں بااختیار بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں :ویمن کاکس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ( جیوعوام ) وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں ، خواتین کو غربت اور خوف کی فضا سے نکالنا وقت کی ضرورت ہے ، خواتین پارلیمنٹرینز معاشرے میں بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں ۔ رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے اسلام آباد میں ویمن کاکس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ویمن کاکس کا کردار اہم ہے ۔ پاکستان میں خواتین کو جمہوریت میں مساوی مواقع حاصل ہیں ۔ مریم نواز نے کہا خواتین کو غربت اور خوف کی فضا سے نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہیں بااختیار بنانے کیلئے کام کررہے ہیں ۔ مریم نواز نے اپنی والدہ کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی ، شرمین عبید ، خاتون پائلٹ مریم مختیار خواتین کا فخر ہیں ۔ سپیکر ایاز صادق نے اپنے خطاب میں بیگم کلثوم نواز کی مارشل لاء کے دور میں جمہوریت کے لئے کی گئی جدوجہد کی تعریف کی ۔ مریم نواز سے متعلق ان کا کہنا تھا مریم نواز نے تعلیم سمیت کئی شعبوں میں بہترین رہنمائی فراہم کی ۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں 20 فیصد خواتین کی نمائندگی ہے ، معاشرے میں امن ، ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے خواتین کا کردار اہم ہے ۔