ہمارا کام لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں، ہمیں دنیا کو جنت بنانا ہے

کراچی ( ٹیسکو نیوز) وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں ہولی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی نظر میں مذہب کی جبری تبدیلی جرم ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلام دنیا کے سب انسانوں کو برابری کی نظر سے دیکھتا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنی گفتگو کا آغاز شگفتہ انداز میں کیا، بولے دو سال پہلے میں آپ کا ہو گیا تھا، آپ میرے ہو گئے تھے۔ انہوں نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی، کہنے لگے کہ ہر مذہب یاددہانی کراتا ہے کہ انسان کو مایوس نہیں ہونا چاہئے، ہولی کا تہوار یاد دلاتا ہے کہ محبت کا رنگ سب سے پائیدار ہوتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاک سرزمین پر گلاب کھلنے لگے ہیں، ایشیاء میں سب سے تابناک مستقبل پاکستان ہی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے مذہبی اقدار کو پاکستان کی کمزوری بنانا چاہا، اسلام دنیا میں سب انسانوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے، اسلام دولت کی تقسیم اور قانون کے نفاذ پر کوئی تفریق نہیں کرتا۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین سب شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے، پاکستان کسی مذہب کی مخالفت کیلئے وجود میں نہیں آیا، مذہبی یا علاقائی تعصب ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں امن ہو، ہمارا کام لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں، ہمیں دنیا کو سب کے لئے جنت بنانا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں عاجز سا بندہ ہوں، خود کو حکمران نہیں سمجھتا، ایک طرف نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے والے ہیں، دوسری جانب نوجوانوں کا استحصال کرنے والے ہیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ کسی کی عبادت گاہوں کو برا نہ کہا جائے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے کبھی نفرت کی سیاست قبول نہیں کی، ہم نے کراچی میں امن کا وعدہ پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر شہریوں کے حقوق میں قرق کرنے والے اسلام کی درست تشریح نہیں کرتے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ مذہب کے نام پر شہریوں کے حقوق کا تعین کرنیوالے اسلام کی درست تشریح نہیں کرتے۔

اس موقع پر شرکاء نے قدم بڑھاؤ نواز شریف، ہم تمہارے ساتھ ہیں کے خوب نعرے لگائے۔ وزیر اعظم نے ہندو برادری کی فلاح کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل، وزیر اعظم نواز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے جس کے فوراً بعد انہوں نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ سعد رفیق، نہال ہاشمی اور سندھ بھر کے اضلاع کے لیگی عہدیدارن سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کراچی میں ٹریفک اور صفائی کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کی رفتار 70 کے عشرے والی رہتی تو یہ ایشیاء کا شاندار ترین شہر ہوتا۔ انہوں نے سرکلر ریلوے کو سی پیک منصوبے میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کی بہت جلد تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کو بحال کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کراچی سمیت سندھ بھر سے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔