ساہیوال :فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ تین دہشتگردوں کو پھانسی

ساہیوال ( ٹیسکو نیوز) ساہیوال کی جیل میں فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید تین دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ، تینوں ملزمان بڑی وارداتوں اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے ۔ عدالت سے فیصلے کے بعد مزید تین خطرناک دہشت گرد انجام کو پہنچے ، ساہیوال جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔ فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 21 مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ساہیوال کی ہائی سیکیورٹی جیل میں مزید تین دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔ پھانسی پانے والوں میں انتہائی خطرناک دہشت گرد سید زمان ، شاہ ولے اور محمد ذیشان شامل ہیں ۔ تینوں ملزمان دہشتگردی کی بڑی وارداتوں اور پاک فوج پر حملوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد ذیشان اور سید زمان کا تعلق کالعدم حرکت الجہاد الاسلامی جبکہ شاہ ولے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا ۔ فوجی عدالتوں سے مجموعی طور پر 161 دہشتگردوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی جن میں سے اب تک 21 کو پھانسی دی جا چکی ہے ۔