ردالفساد: شہر شہر چھاپے، 11 افغانیوں سمیت 26 گرفتار، خودکش جیکٹس برآمد

اسلام آباد: ( ) شہر اقتدار اور پنجاب کے 9 شہروں میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، چھاپوں میں اسلحہ اور بارود سمیت خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئیں۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف شہروں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں آج بھی دن بھر جاری رہیں۔ آپریشن کے دوران 11 افغان باشندوں سمیت 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد سے اسلحہ، گولہ بارود اور خودکش جیکٹس برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، رینجرز، پولیس اور خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، اٹک، حسن ابدال، نارووال، شکر گڑھ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں مشترکہ سرچ آپریشن کئے۔ متعدد کامیاب کارروائیوں میں اسلحہ، گولہ بارود، خودکش جیکٹس، کمپیوٹر اور بارودی سرنگیں بھی برآمد کی گئیں۔