لندن: پاک افغان مذاکرات کامیاب، دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے پر متفق

لندن (سکائی نیوز) لندن میں پاک افغان مذاکرات کامیاب، دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے پر متفق، ملاقات کے اثرات جلد سامنے آئیں گے، افغان سفیر کی گفتگو۔ افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیوال نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے کہ لندن میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری رہی۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

لندن میں پاک افغان قیادت کے مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کی میزبانی برطانوی حکومت نے کی۔ پاکستان کی جانب سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز مذاکرات میں شریک ہوئے۔ افغانستان کی نمائندگی افغان مشیر برائے قومی سلامتی حنیف اتمار نے کی۔ افغانستان کے پاکستان میں تعینات سفیر ڈاکٹر عمر زخیوال کے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق، دو طرفہ تعلقات میں باہمی اعتماد کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور مذاکرات مفید، تعمیری اور نتیجہ خیز رہے۔ افغان سفیر کا کہنا تھا کہ ملاقات کے نتیجہ خیز ہونے کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔