ڈونلڈ ٹرمپ کا جرمن چانسلر کے ساتھ مصافحے سے انکار

واشنگٹن ( ٹیسکو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے ساتھ انتہائی ناشائستہ برتائو کیا ، ان کی اس حرکت کا امریکی ذرائع ابلاغ نے سخت نوٹس لیا اور ٹرمپ پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب کے منافی قرار دیا،واضح رہے کہ دونوں سربراہان روایت کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کیلیے ان کے سامنے آئے تھے ، اس موقع پر صحافیوں نے روایتی مصافحہ پر اصرار کیا تو ٹرمپ نے ان کی خواہش کو نظر انداز کردیا،صورتحال دیکھ کر مہمان چانسلر انجیلا مرکل نے بھی ٹرمپ کے سامنے صحافیوں کا مطالبہ دہرایا لیکن پھر بھی ٹرمپ نے ان سے ہاتھ نہیں ملایا، انجیلا مرکل آخری وقت تک صحافیوں کی خواہش کے احترام میں اُنگلیاں تھامے مصافحے کے لیے تیار رہیں لیکن امریکی صدر ٹس سے مس نہیں ہوئے ، اس دوران جرمن چانسلر نے ایک مرتبہ پھر مصافحے کیلیے کہا تو ٹرمپ نے اپنا منہ دوسری طرف موڑ لیا، صحافیوں نے جرمن چانسلر سے مصافحے کیلیے ٹرمپ پر زور دیا تو انہوں نے نہایت خشک لہجے میں کہا کہ آپ لوگ جرمنی بھیجنے کے لیے اچھی اچھی تصویریں بنالیں ، واضح رہے کہ اس سے پہلے ٹرمپ واشنگٹن آنے والے دیگر ملکوں کے سربراہان سے روایتی انداز میں گرمجوشی کے ساتھ ہاتھ ملاتے رہے ہیں ، امریکی ذرائع ابلاغ نے جرمن چانسلر کے ساتھ ٹرمپ کے اس طرز عمل کی بڑے پیمانے پر کوریج کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا، انہوں نے کہا کہ گھر آئی ہوئی معزز مہمان کے ساتھ اس برتائو کو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں کہا جاسکتا۔