لندن: پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، متعدد افراد زخمی

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب ویسٹ منسٹر برج پر فائرنگ، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع۔ برطانوی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب ویسٹ منسٹر برج پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ فائرنگ دو افراد نے کی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ واقعہ کے بعد برطانوی پارلیمنٹ کی عمارت کو سکیورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا۔ اراکین پارلیمنٹ ابھی عمارت کے اندر ہی موجود ہیں۔ انہیں باہر آنے سے روک دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ملی ہے۔برطانوی میڈیا کو بعض عینی شاہدین کی جانب سے موصول ہونے والی غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی متعدد افراد کو کچلنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ سے جا ٹکرائی۔ پولیس جائے وقعہ پر پہنچی تو گاڑی میں موجود مسلح شخص نے پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ لندن کے ٹرانسپورٹ کے ادارے نے کہا ہے کہ انھوں نے پولیس کی درخواست پر ویسٹ منسٹر کا زیرزمین ریلوے سٹیشن بند کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے