لندن پارلیمنٹ پر حملہ، پولیس کے چھاپے، 7 مشتبہ افراد گرفتار

لندن: (سکائی نیوز) برطانیہ کے دارالحکومت میں دہشت گرد حملے کے بعد پولیس نے لندن اور برمنگھم میں چھاپے مارے ہیں جن میں سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ پر حملے کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے کی کوششیں تیز کر دی گئیں ہیں۔ پولیس نے برمنگھم اور لندن میں کئی گھروں پر چھاپے مارے ہیں جن میں سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے قائم مقام نائب کمشنر مارک راؤلے کا کہنا ہے کہ پولیس کو امید ہے کہ گرفتار افراد سے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں تک پہنچا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے گرفتار افراد کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

دوسری جانب فورنزک ماہرین کی ٹیم نے حملے کے مقام کا جائزہ لیا ہے۔ حملے میں دہشتگرد نے اپنی گاڑی راہگیروں پر چڑھانے کے بعد اسے پارلیمنٹ کی عمارت کے دروازے سے ٹکرا دیا تھا۔ واقعے میں حملہ آور سمیت پانچ افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہو گئے تھے۔ لندن کے میئر صادق خان کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ دہشتگرد ہمیں تباہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی معاشرے کو تقسیم کر سکتے ہیں۔ حملے میں ہلاک پولیس اہلکار کے احترام میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے دفتر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پیرس میں لندن حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں