پیپلز پارٹی نے کبھی شکست نہیں کھائی، صرف آر او الیکشن میں ہارے: زرداری

لاہور( ٹیسکو نیوز)آئندہ انتخابات سے پہلے ہی سیاسی گہما گہمی، آصف علی زرداری کہتے ہیں اب حکمرانوں کو پتا چل جائے گا کہ الیکشن کسے کہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے کبھی شکست نہیں کھائی، صرف آر او الیکشن میں ہارے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ندیم افضل چن کے گھر پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے مخالفین کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کیسے لڑے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے کبھی پنجاب میں شکست نہیں کھائی البتہ آر اوز کے الیکشن میں ہم نے ضرور شکست کھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جلسے میں موجود جیالوں کا جوش دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی مقابلے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوں، مجھے جیالوں کی قربانیاں یاد ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس بار کوئی ہتھکڑی نہیں، بلاول سمیت باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب میں بی بی کے ساتھ لاہور آیا کرتا تھا تو سارا لاہور بند ہو جاتا تھا، اب بھی ایسا ہی ہو گا۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب کے شروع اور آخر میں جئے بھٹو کے نعرے بھی لگائے۔اس سے قبل آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ سرحدوں کو مشاورت سے اور باقاعدہ طور پر محفوظ بنانا پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، دہشتگردوں کی مداخلت کے الزامات کی وجہ سے پاکستان اور برادر پڑوسی ملک افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ سرحدوں کی مینجمنٹ کا معاملہ بہت تاخیر کا شکار ہو چکا ہے اور اب اس میں تاخیر نہیں کی جانی چاہئے، تاخیر ایک بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ سابق صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ باڑ لگانے کا خیر مقدم وہ سب لوگ کریں گے جو دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔