برطانوی وزیر اعظم نے بریگزٹ کا عمل شروع کرنے کے خط پر دستخط کر دیئے

لندن ( سکائی نیوز) برطانوی وزیر اعظم ٹریزامے نے بریگزٹ کا عمل شروع کرنے کے خط پر دستخط کر دیئے ہیں۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلاء کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے۔
وزیراعظم ٹریزامے نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کا عمل شروع کرنے کے خط پر دستخط کر دیئے۔ جس کے بعد بریگزٹ کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو جائے گا۔ لِزب معاہدے کے آرٹیکل 50 کے تحت یہ آفیشل نوٹس یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کو پہنچایا جائے گا۔ جس کے بعد ٹریزامے کابینہ کے اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گی کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ آرٹیکل 50 کے تحت جہاں بریگزٹ سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہو گا وہیں یورپی یونین کے ساتھ نئے تعلقات کے حوالے سے بھی بات ہو گی۔ گذشتہ جون میں منعقدہ ریفرنڈم میں 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔