سعودی ایئر ڈیفنس نے یمن سے فائر کئے گئے 4 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیئے

ریاض ( روزنامہ نیا وقت ) سعودی ایئر ڈیفنس یونٹ نے سرحد پار سے فائر کئے گئے 4 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیئے جبکہ اتحادی افواج میں شامل لڑاکا طیاروں نے لانچنگ پیڈز کو بھی تباہ کر دیا۔
میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی فوج کے ایئر ڈیفنس یونٹ نے یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے ملکی جنوبی شہروں خمیس، مشیط اور ابھا پر داغے جانے والے 4 بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیئے۔ حکام کے مطابق چاروں بیلسٹک میزائل صبح کے وقت سعودی فضائی حدود میں داخل ہوئے جنہیں فوج کے ایئر ڈیفنس یونٹ نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔ عرب اتحادی افواج میں شامل لڑاکا طیاروں نے اگلے ہی لمحے تباہ کئے جانے والے میزائلوں کے متحرک لانچنگ پیڈز کو بھی تباہ کر دیا۔ جنہیں حوثی باغی میزائل فائر کرنے کے بعد ایک غار میں چھپا رہے تھے۔