پی آئی اے کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جا رہی ہے سردار مہتاب احمد خان

اسلام آباد ( ٹیسکو نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کر کے ائر لائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھا کرتی تھی اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام ہو گا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبر عارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔ سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کیلئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات ہوں گے۔پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کیلئے اس کے انفراسٹرکچر ، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کیلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں