وزیر داخلہ نے تعلیمی معیار پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد ( ٹیسکو نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے مطلوبہ تعلیمی معیار اور سہولتوں پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے ملنے کے حوالے سے رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ کن وجوہات کی بنیاد پر مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے دیکر مریضوں کی زندگیوں اور طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اعضا کی غیر قانونی خریدوفروخت اور پیوند کاری کا معاملہ ہو یا میڈیکل کے طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کا مسئلہ ہو، دونوں معاملات میں ملوث افراد نہ صرف پروفیشنل بدیانتی کے مرتکب ہیں بلکہ انسانیت کے مجرم ہیں جن کا سخت احتساب ضروری ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو دونوں معاملات کی تحقیقات کرکے 15 روز میں ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کے ہدایت کی ہے۔ ایف آئی اے نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں جبکہ سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے اور پی سی بی کی جانب سے کی جانیوالی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ بھی وزیر داخلہ کو پیش کردی گئی