فارن فنڈنگ کیس: عمران خان نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا

اسلام آباد ( ٹیسکو نیوز) تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس میں ایک بار پھر الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ ہمارے پاس اختیارات نہیں تو انتخابات کیسے کرا سکتے ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا اختیار سماعت چیلنج کر دیا ہے۔ اس موقع پر کپتان کے وکیل اور چیف الیکشن کمشنر میں نرم گرم جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت ہے نہ ہی وہ براہ راست کسی سیاسی جماعت کیخلاف شکایات وصول کر سکتا ہے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے ریمارکس دیے کہ دائرہ سماعت نہیں ہے تو کیا پھر گالیاں سنتے رہیں۔ اختیارات ہی نہیں ہیں تو پھر انتخابات کیسے کرا سکتے ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے فریق مخالف کے دلائل رد کر دیے۔ کیس کی سماعت کے دوران سردار رضا خان نے پی ٹی آئی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن کے پاس سب اختیارات ہیں، صرف آپ سے سوال پوچھنے کا اختیار نہیں ہے۔ ہم کوئی ایکشن لینے کا سوچتے بھی ہیں تو آپ اسے چیلنج کر دیتے ہیں۔