بیدیاں روڈ سانحہ ، زخمیوں کی عیادت کیلئے اہم شخصیات کی آمد جاری

لاہور ( ٹیسکو نیوز ) صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک نے بھی ہسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی

لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری کی ٹیم پر ہونے والے حملے کے جنرل ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کے لیے اعلیٰ عسکری اور سول شخصیات کا تانتا بندھا رہا ۔ لاہور کی بیدیاں روڈ صبح سات بج کر سینتالیس منٹ پر اُس وقت ایک خوفناک دھماکے سے لرز کر رہ گئی جب ایک خود کش حملہ آور نے مردم شماری ٹیم کی وین کے انتہائی قریب آکر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا ۔ دھماکے کی گرد چھٹی تو چار فوجی اہلکاروں سمیت چھ افراد جام شہادت نوش کرچکے تھے ، دھماکے میں زخمی ہونے والے سولہ افراد کو سی ایم ایچ کے ساتھ ساتھ جنرل ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں اعلیٰ عسکری اور سول شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ کور کمانڈر لاہور لفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی جنرل ہسپتال پہنچے اور فرداً فرداً زخمیوں کی خیریت دریافت کی ۔ نیوی کے سٹیشن کمانڈر کموڈور ایس ایم شہزاد بھی زخمیوں کی عیادت کرنے والوں میں شامل تھے ، اِن دونوں اعلیٰ عسکری شخصیات کی طرف سے زخمیوں کے بلند حوصلے کی تحسین کی گئی ۔ ہسپتال میں سیاسی اور سماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ، صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک ایک ساتھ ہسپتال پہنچے جن کے بعد میئر لاہور مبشر جاوید ، کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر سید بھی ہسپتال آئے اور زخمیوں کی عیادت کی ۔ ہسپتال پہنچنے والی شخصیات کی طرف سے اِس عزم کا اظہار بھی سامنے آتا رہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہر صورت جنگ جاری رکھی جائے گی ۔