سانحہ بیدیاں روڈ: 4 شہید فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

لاہور( جیوعوام ) لاہور میں بیدیاں روڈ دھماکے میں شہید چار فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ایوب سٹیڈیم کینٹ میں ادا کر دی گئی، گورنر، وزیر اعلیٰ پنجاب، کور کمانڈر لاہور سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ شہداء کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ قوم کے سات اور بہادر سپوت مادر وطن پر نثار ہو گئے۔ فرض کی ادائیگی کے دورا ن خود کش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کی ایوب سٹیڈیم میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، آئی جی پنجاب، عسکری، پولیس اور سول حکام نے بڑی تعداد میں شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سبز ہلالی پرچم میں لپٹے تابوتوں میں شہداء کے جسد خاکی لائے گئے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔ گورنر، وزیر اعلیٰ اور کور کمانڈر نے بھی میتوں کو کندھا دیا۔ بہادر شہداء نے عظیم قربانی دے کر ثابت کر دیا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کا معاملہ ہو یا ملک کے اندر شورش برپا کرنے کی کوشش، مٹھی بھر دہشتگرد وطن عزیز کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔