افغان صحافیوں کا آئی ایس پی آر کا دورہ، میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات

راولپنڈی (جیوعوام) افغان صحافیوں کے تیرہ رکنی وفد نے راولپنڈی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے برادر اسلامی ملک کے صحافیوں کو جنرل قمر جاوید باجوہ کے افغان بھائیوں کے لئے جذبات، سرحدی صورتحال اور امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ افغان صحافیوں کے وفد نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وفد کو سرحدی صورتحال اور امن کیلئے پاکستانی کوششوں سے آگاہی دی اور وفد کے اراکین کو بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہر افغان شہری پاکستانی کی طرح عزیز ہے، دہشتگردی سے متاثرہ افغانیوں کا دکھ سمجھتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وفد کو لندن میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور افغان دفاعی اتاشی کے درمیان ملاقات سے متعلق بریفنگ دی۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے باہمی اعتماد و تعاون کو فروغ دے، امید ہے کہ افغان صحافی پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کیلئے کوششوں کو سمجھیں گے۔