وزیر اعظم سے چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر کی ملاقات

اسلام آباد (ٹیسکو نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی لازوال دوستی ہے۔ پاکستان سی پیک منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم محمد نوازشریف سے چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہے۔ وزیر اعظم نے سی پیک منصوبے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، سی پیک کو حقیقت بنانے میں چین کی وزارتوں اور اداروں کی حمایت کے مشکور ہیں۔ توانائی بحران پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی کی قلت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، توانائی منصوبوں میں پاور چائنہ کی حمایت قابل ستائش ہے، توانائی منصوبوں کی تیز رفتار تعمیر سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاور چائنہ پاکستان میں ٹرانسمیشن لائن، پن بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری اور پانی کے ذخائر کا جائزہ لے اور ان سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنائے۔ اس موقع پر صدر چائنہ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن یان ژی یانگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کا قریبی تعاون جاری رہے گا اور بجلی منصوبے مضبوط شراکت داری کا باعث ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاور چائنہ پاکستانی پیشہ ورانہ اہلیت کے حامل افراد کو تربیت فراہم کرنا چاہتی ہے، چین سے 100 پاکستانی انجینئرز کی پاور سیکٹر میں ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے جو پورٹ قاسم پاور پراجیکٹ پر کام کریں گے۔