کراچی میں امن راحیل شریف اور صوبائی حکومت لائی، وزیراعظم کا تعلق نہیں تھا’

کراچی ( ٹیسکو نیوز) گورنر سندھ محمد زبیر کا بیان سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے بھی ردعمل ظاہر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گورنر سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن کا سہرا صرف جنرل راحیل شریف اور سندھ حکومت کے سر ہے، نواز شریف کا کراچی میں امن کی بحالی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ گورنر صاحب کو کون کچھ کہہ سکتا ہے؟ وہ کچھ بھی بول سکتے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پیپلزپارٹی کا گھر ہے جبکہ مسلم لیگ ن علاقائی جماعت ہے، ابھی تو آصف زرداری اور بلاول بھٹو آئے ہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ کراچی میں امن لانے کا سہرا وزیر اعظم کے سر ہے۔