پاکستان کا دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 283 رنز کا ہدف

گیانا: (ٹیسکو نیوز) پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 283 رنز کا ہدف دیا ہے۔
گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سرفراز الیون نے مقررہ 50 اوورز میں بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور16 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 5 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کامران اکمل بھی 44 کے مجموعے پر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
ابتدائی 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور محمد حفیظ کی جانب سے محتاط انداز میں اسکور پر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا لیکن روایتی طور پر محمد حفیظ وکٹ بچاتے بچاتے 113 کے مجموعی اسکور پر 50 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شعیب ملک 9 اور کپتان سرفراز احمد 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چھٹی وکٹ پر بابراعظم اور عماد وسیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 99 رنز کی شراکت قائم کی جب کہ بابراعظم 3 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 125 اور عماد وسیم 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن جبریل نے 2، الزاری جوزیف، دوندرا بشو اور ایشلے نرس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز نے 44 برس میں پہلی بار 300 کا ہدف حاصل کیا
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 308 رنز بنائے لیکن کیربین بلے بازوں نے 44 سالہ تاریخ میں پہلی بار مقررہ بڑے ہدف کو صرف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا