سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ کئے جانے پر سکیورٹی رسک بڑھ گیا

کراچی (جیوعوام) سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ پھر لٹک گیا.سمری وزیراعلیٰ کی میز سے آگے نہ بڑھ سکی. نوٹیفکیشن جاری نہ کیے جانے کے باعث کراچی کے اہم مقامات اور سڑکوں سےرینجرز واپس. اسنیپ چیکنگ روک دی گئی. صوبے بھر میں تعینات رینجرز اہلکاروں کو ہیڈ کوارٹرز طلب کر لیا گیا۔صوبے بھر میں مساجد اور اقلیتی عبادت گاہوں سے بھی سکیورٹی ہٹا لی گئی تاہم ائیرپورٹس، گورنر، وزیر اعلی اور ججز کی سکیورٹی برقرار ہے۔ رینجرز کے اختیارات ختم ہونے سے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کئے جانے پر ملک اور سماج دشمن عناصر کے دوبارہ مستحکم ہونے کا امکان ہے۔ سندھ میں رینجرز کے اختیارات ختم ہوئے 24 گھنٹے گزر چکے ہیں مگر محکمہ داخلہ کی جانب سے 90روز کی توسیع کے لیے سمری پر وزیراعلی سندھ نے تاحال دستخط نہیں کئے ۔داور سندھ حکومت ماضی کی طرح اس بار بھی خصوصی اختیارات کی توسیع میں حیلے بہانے کر رہی ہے۔