پاناما کیس کا فیصلہ ، سپریم کورٹ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

اسلام آباد (جیوعوام ) 500 سے زائد پولیس اہلکار اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے داخلے پر پابندی ، داخلے کیلئے خصوصی پاسز جاری کئے جائیں گے پاناما کیس کے فیصلے کے موقع پر سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ خصوصی پاس کے بغیر کسی شخص کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی ہوگی ۔ پاناما کیس کا بڑا فیصلہ کل سنایا جائے گا ۔ سپریم کورٹ کے اندر اور باہر اسی حوالے سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ داخلے کیلئے خصوصی پاسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عمران خان ، سراج الحق اور شیخ رشید کو خصوصی سیکیورٹی دی جائے گی ۔ مقدمے کے فریقین کو پندرہ ، پندرہ پاسز جاری ہوں گے ۔ فیصلے کے موقع پر سپریم کورٹ میں 500 سے زائد پولیس اہلکار جبکہ باہر رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہوگی ۔ ہر سیاسی رہنما کی سیکیورٹی پر 6 سے 8 پولیس اہلکار مامور ہونگے ، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی ہوگی ، صرف پاسز رکھنے والے افراد ہی کمرہ عدالت میں داخلے ہو سکیں گے ، سیاسی کارکنوں کو روکنے کیلئے ریڈ زون کے ناکوں پر بھی اضافی نفری تعینات ہوگی ۔ عدالت کے احاطے میں نعرے بازی کرنے والوں کیساتھ بھی سختی سے نمٹا جائےگا ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کی سیکورٹی کیلئے آئی جی اسلام آباد نے اہم اجلاس طلب کرلیا ۔ اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔