شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی، مساجد، گھروں میں خصوصی عبادات، دعائیں ‘سندھ کے تعلیمی اداروں میں آج چھٹی ہو گی

اسلام آباد + لاہور+کراچی (جیوعوام ) ملک بھر میں شب معراج دینی عقیدت و احترام سے منائی گئی، اس سلسلہ میں مساجد کےعلاوہ گھروں میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا، عبادت کا سلسلہ عشاءکی نماز سے صبح صادق تک جاری رہا، گھروں میں اس دن کی مناسبت سے خصوصی طور پر شب بیداری اور نیاز کا انتظام کیا گیا تھا، حلوائیوںکی دکانوں پر مٹھائی لینے والوں کی قطاریں لگی رہیں، مساجد میں علماءکرام اور مذہبی شخصیات نے معراج النبی کی مناسبت سے خصوصی خطابات کئے اور خصوصی دعائیں کرائیں۔ ملک بھر کی مساجد کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔ لاہور کی دینی درسگاہوں سمیت دربار حضرت داتا گنج بخشؒ، دربار حضرت شاہ جمالؒ اور دیگر بڑی ہستیوں کے مزاروں پر بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کرکے آنیوالوں کیلئے خصوصی طور پر نیاز تیار کی گئی تھیں۔ صلوة التسبیح سمیت دیگر خصوصی عبادات کے اجتماع بھی ہوئے جن میں امت مسلمہ اور وطن عزیز کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کلچرل رپورٹر کے مطابق لاہور کے تھیٹر ہال معراج النبی کے احترام میں بند رہے۔نامہ نگار کے مطابق پولیس نے شب معراج کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پرپولیس کی بھاری نفری کے علاوہ کمانڈوز بھی تعینات تھے ۔ نیوز رپورٹر کے مطابق سندھ حکومت نے شب معراج کے موقع پر آج بروز منگل 25اپریل کو تعلیمی اداروں میں تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تاہم ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں جماعت کا پیپر شیڈول کے مطابق ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں