خواتین سے متعلق ریمارکس پر والد کا دفاع، ایوانکا ٹرمپ پر شدید تنقید

برلن (سکائی نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ہونا ایوانکا کو دورہ جرمنی کے دوران جگہ جگہ احتجاج اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ جی ٹوئنٹی سمٹ میں ٹرمپ کی تعریف کرنے پر تقریب میں شور شرابا ہوا تاہم گالا ڈنر میں ایوانکا کے جھمکوں اور سفید لباس کا خوب چرچا رہا۔ 35 سالہ ایوانکا ٹرمپ پہلی بار اپنے والد ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر کے طور پر جرمنی پہنچی جہاں جگہ جگہ احتجاج اور مذاق ان کے حصے آیا۔ جی ٹوئنٹی سمٹ میں ایوانکا نے جب خواتین سے متعلق اپنے والد کے رویے کا دفاع کیا تو انھیں شدید شور شرابے کا سامنا کرنا پڑا۔ جب ایوانکا نے اپنے والد ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف کرنا شروع کی اور کہا کہ ان کے والد خواتین کی عزت کرتے ہیں تو لوگوں کو یہ بات ناگوار گزری اور انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ ایوانكا نے مزید کہا کہ میں نے اپنے والد پر ہونے والی تنقید سنی ہے، لیکن میں انھیں اس طور پر نہیں جانتی۔ ان کے والد نے ہمیشہ آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی اور ان کے خاندان میں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں تھی۔ وہ اپنے والد کیخلاف اس قسم کی تنقیدوں پر نہ تو یقین رکھتی ہیں اور نہ ہی اس سے اتفاق رکھتی ہیں۔ خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو خواتین کے متعلق ان کے رویے کے لیے کافی بار تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ادھر برلن کی سڑکوں پر خواتین نے ایوانکا کی جرمنی آمد کے خلاف احتجاج کیا۔