حمزہ شہباز کا عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

لاہور (ٹیسکو نیوز) عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، الزامات کے ثبوت لائیں ورنہ کارروائی کیلئے تیار رہیں :حمزہ شہباز شریف
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دس ارب کی آفر کرنے والے کا تعلق شہباز شریف اور حمزہ سے ہے ، نام نہیں بتا سکتا ، جواباً مریم نواز نے کہا کبھی حمزہ کا دوست اور کبھی شہباز شریف ، کپتان کی آخرت سے خوفزدہ ہوں ۔ ادھر حمزہ شہباز نے عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ۔ عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 ارب کی پیشکش کے بیان پر قائم ہوں ، دوست کا نام بتایا تو پھنس جائے گا ، پیشکش کرنے والے کا تعلق شہباز شریف اور حمزہ سے ہے ۔ کپتان کے الزامات پر مریم نواز نے ٹویٹ کی کہ عمران خان کبھی کہتے ہیں کہ حمزہ کے دوست نے دبئی میں ان کے دوست کو پیشکش کی کبھی کہتے ہیں کہ شہباز شریف کے ساتھی نے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کپتان کی آخرت کے بارے میں خوفزدہ ہیں ۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے مبینہ طور پر غلط الزامات پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان الزامات کا ثبوت لائیں نہیں تو قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں ۔