لیہ :باپ نے 5 بچوں سمیت زہر کھا کر خودکشی کر لی

لیہ (99 نیوز) مرنے والوں میں 4 بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی شامل ، بیوی کے طلاق لینے پر بیٹا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا :بچوں کی دادی کا بیان
لیہ میں باپ نے گھریلو حالات سے تنگ آکر اپنے 5 بچوں کو زہر کھلا کر ان کی جان لے لی ،بعد ازاں خود بھی ہسپتال میں چل بسا ، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ لیہ کے علاقے چوک اعظم کے رہائشی شہری کی بیوی نے کچھ عرصہ قبل طلاق لے لی تھی جس کی وجہ سے وہ شدید پریشان تھا ۔ گزشتہ روز اس نے اپنی چاروں بیٹیوں طیبہ ، تنزیلہ ، شانزہ اور صبا کے علاوہ چاروں بہنوں کے اکلوتے بھائی طیب کو زہر کھلایا اور اس کے بعد خود بھی زہر کھا لیا جس سے اس کی حالت خراب ہوگئی ، ڈاکٹروں نے پانچوں بچوں کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن اس میں کامیابی نہ ہوسکی تاہم بچوں کے باپ اعظم نے بھی بعد ازاں دوران علاج دم توڑ دیا ۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضے میں لے لیں اور پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ایک ہی گھر کے 6 افراد کی ایک ساتھ موت کی اطلاع اہل خانہ کو ملی تو کہرام مچ گیا ، اہل علاقہ نے بھی واقعے پر شدید افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے