پریڈ گراؤنڈ: پی ٹی آئی کا سیاسی قوت کا مظاہرہ، ترانوں کی گونج، کھلاڑی پرجوش

اسلام آباد (روزنامہ نیا وقت ) شہر اقتدار میں سج گیا پنڈال، پارٹی پرچموں کی بہار، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ سمیت پنجاب سے قافلے رواں دواں، پی ٹی آئی کی ٹائیگریسز پرجوش، جلسہ گاہ میں ہر طرف چوڑیوں کی کھنکھار، ڈی جے ولی سنز میوزک کا تڑکا لگانے کو تیار، دلہے میاں بارات چھوڑ کر جا پہنچے۔ تحریک انصاف کے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کیلئے 80 فٹ لمبا، 20 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ پنڈال بھی سج گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے 40 ہزار سے زائد کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فول پروف سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی سٹیج پر 70 قائدین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مرکزی سٹیج کے سامنے خواتین انکلوژر تیار کیا گیا ہے جس کی سکیورٹی کیلئے دستی چادریں اور خار دار تاریں لگائی گئی ہیں۔ دوسری جانب جلسہ گاہ کی سکیورٹی کیلئے 2400 پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ جلسہ گاہ میں 20 واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کو چاروں اطراف سے خاردار تاروں کے ذریعے بند کیا گیا ہے۔ صبح 10 بجے بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی جلسہ گاہ کو کلیئر کیا۔ ٹریفک کے لئے بھی خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے۔ ایس پی ٹریفک، 3 ڈی ایس پیز، 15 انسپیکٹرز اور 594 افسران و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ جلسے کے باعث شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے جلسے میں شریک متوالیوں کا جوش قابل دید ہے۔ پارٹی پرچموں کے رنگوں میں رنگی متوالیوں کی چوڑیاں بھی کھنکنے لگیں۔ میک اپ ہو یا ملبوسات، سب میں پارٹی پرچم کے رنگ نمایاں ہیں جس بھی متوالی کو دیکھیں کپتان کی آواز پر لبیک کہہ رہی ہے۔ ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے اٹھائے خواتین کہتی ہیں کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا ساتھ ہر حال میں دیں گی۔