جہیز میں موٹر سائیکلوں کا مطالبہ، لڑکی والوں نے دولہا کو گنجا کر دیا

رانچی: (ٹیسکو نیوز) بھارت میں جہیز میں دو موٹر سائیکلوں کا مطالبہ کرنے والے دولہا کو گنجا کر کے جوتوں کا ہار پہنا دیا گیا۔
بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں جہیز میں موٹر سائیکلیں مانگنے پر لڑکی والوں نے دولہا کو سبق سکھا کر مثال قائم کر دی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے چنڈوالا گاؤں میں شادی والے دن لڑکی والوں کی جانب سے دولہا کو ایک نئی موٹر سائیکل تحفے میں دی گئی لیکن دولہا نے لڑکی والوں سے 2 موٹر سائیکلوں کا مطالبہ کر دیا جس پر لڑکی والوں نے سمجھایا کہ موٹر سائیکل بغیر کسی مانگ کے تحفے میں دی گئی ہے تاہم دولہا اپنی ضد پر اڑا رہا اور دلہن کے والد سے بدتمیزی بھی کی۔ اس موقع پر دُلہن نے اپنے ہونے والے شوہر کا یہ رویہ دیکھ کر اس کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا اور دولہا کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروا دی جبکہ لڑکے والوں کو سبق سکھانے کے لیے دولہا اور اس کے بھائیوں کو گنجا کرنے کے بعد انہیں جوتوں کے ہار پہنا کر واپس بھیج دیا گیا۔ پولیس بھی دولہا والوں کے ساتھ سختی سے پیش آئی اور گھر واپس جانے سے پہلے لڑکی والوں سے معافی مانگنے کا کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں