اسلام آباد ( ٹیسکو نیوز ) گریڈ ایک کے ملازم کی بنیادی تنخواہ 1490, گریڈ 22 کی 13840 روپے ماہانہ بڑھا دی گئی ، نئے پے سکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ، یکم جولائی 2010 کے 50 فیصد ایڈہاک ریلیف الائونس بنیادی پے سکیلوں میں ضم،صدرممنون نے نئے اسکیل کی منظوری دیدی،یکم جولائی سے لاگوہوگیا اردلی الائونس14ہزار ہو گیا، نئے اسکیلوں سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے وزارت خزانہ میںاناملی کمیٹی بنے گی، پنشن میں10فیصد اضافے کی منظوری اسلام آباد (ساجد چوہدری) صدر پاکستان ممنون حسین نے سرکاری ملازمین کیلئے نظرثانی شدہ بنیادی پے اسکیل2017کی منظوری دے دی ہے اورنئے پے اسکیل یکم جولائی سے لاگو کر دئیے گئے ہیں ، یکم جولائی2010کو سرکاری ملازمین کو دئیے گئے 50 فیصد ایڈہاک ریلیف الائونس کو بنیادی پے اسکیلوں میں ضم کر دیا گیا ہے اور ایسے ملازمین جن کو اس وقت بنیادی تنخواہ کے 100فیصد الائونس مل رہا ہے وہ کم ہو کر 50 فیصد تک آ جائے گا اور سرکاری ملازمین اس کو بدستور وصول کرتے رہیں گے تاہم اس کا تخمینہ اس کے فریز کردہ سطح کی بنیاد پر کیا جائے گا، حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو10فیصد ایڈہاک ریلیف الائونس دیا گیا ہے وہ اس سطح پر فریز کر دیا گیا ہے جو بھی نئے لوگ سرکاری ملازمت میں آئیں گے وہ اس 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الائونس کیلئے اہل ہوں گے ، 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الائونس پر انکم ٹیکس لاگو ہو گا ، یہ الائونس ایل پی آر کے دوران بھی دستیاب ہوگا تاہم پنشن اور گریجویٹی کا تخمینہ تیار کرنے کیلئے 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الائونس شامل نہیں کیا جائے گا، بیرون ملک سے ڈیپوٹیشن مکمل کر کے پاکستان واپس آنے والے ملازمین کو بھی 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الائونس ملے گا، 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الائونس معطلی کے عرصے کے دوران بھی دستیاب رہے گا ، اس بار بنیادی تنخواہ میں پرسنل پے کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ۔ اس وقت سرکاری ملازمین کو مل رہے اسپیشل الائونسز جن میں ہائوس رینٹ الائونس، ایک ماہ کی اضافی تنخواہ سے متعلق اسپیشل الائونس اور عدلیہ میں گریڈ ایک تا گریڈ بائیس کے ملازمین و افسران کے بنیادی الائونس کو موجودہ سطح پر ہی منجمد کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں صدر پاکستان نے یکم جولائی سے پنشن میں بھی 10فیصد اضافے کی منظوری دے دی ۔ پنشن میں اضافے کا اطلاق سویلین ملازمین ، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز جو ڈیفنس بجٹ سے تنخواہ حاصل کرتے ہیں پر ہو گا ، تاہم حکومت نے سال2010 میں پنشن میں کیا گیا 15فی صد اضافہ ان ملازمین کیلئے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جو 1جولائی2017 یا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے ۔ صدر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت سال2011میں اعلان کردہ پنشن میں 7.5 فیصد اضافہ اور سال2016میں اعلان کردہ 10 فیصد اضافہ ان ملازمین کو بھی دستیاب ہو گا جو یکم جولائی2017کے بعد ریٹائر ہوں گے ، نیٹ پنشن کی ایک نئی تعریف بھی شامل کی گئی ہے جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ نیٹ پنشن میں وہ پنشن شامل ہو گی جس میں میڈیکل الائونس شامل نہیں ہو گا ۔
