وزیراعظم آج 100 روزہ کارکردگی سے قوم کو آگاہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قوم کو اپنی حکومت کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے نتائج اور کارکردگی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے 100 روز پورے ہو گئے ہیں اور وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور وزراء نے اپنے اداروں اور محکموں کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کر دی ہیں۔

وزیراعظم آج کنونشن سینٹر میں ہونے والی ایک تقریب میں قوم کو سادگی و کفایت شعاری مہم، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے، گورننس، معاشی بہتری اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم مختلف ٹاسک فورسز کی کارکردگی پر بھی بات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور خارجہ پالیسی میں بہتری کے اقدامات سے بھی قوم کو آگاہ کریں گے. دوسری جانب وزیراعظم پاک بھارت تعلقات میں بہتری کی کوششوں اور کرتارپور راہداری کھولنے کا بھی ذکر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی ترقی کی سمت کا تعین کر دیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں