جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کیلئے محمد عامر کی واپسی کا امکان

لاہور: پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے دورے کے لیے ٹیم کی تشکیل پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق محمد عامر کو بلال آصف کی جگہ اس اہم ٹور کے لیے موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل اور اظہر علی اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔ سعد علی، حسن علی، میرحمزہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، اسد شفیق اور یاسر شاہ بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔

محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہو گی تاہم سلیکٹرز کو یقین ہے کہ محمد عباس فٹنس مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچزپر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شیڈول ہے اس سے پہلے 19 دسمبر کو پریکٹس میچ رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں