ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پہاڑوں پربرف پڑ رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ رات گئے کراچی میں بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ بارش کے بعد گلشن اقبال ، گلستان جوہر، نارتھ کراچی ، ملیر ، قائد آباد ، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ راولپنڈی، گوجرانولہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کی وجہ سے موسم سرد ہو گیا جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ ڈویژن میں بھی بادل برسیں گے۔

دوسری طرف ملکہ کوہسارمری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد مری نے برف کی سفید چادراوڑھ لی۔ نتھیا گلی اور وادی کاغان کے مختلف مقامات پر رات سے وقفہ، وقفہ سے برفباری جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا اور اسکردو میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں