پہلی حج پرواز 214 عازمین کو لے کر لاہور سے مدینہ روانہ ہو گئی

لاہور: پہلی نجی پرواز عازمین حج کو لے کر لاہور سے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی ہے۔ مدینہ جانے والی پہلی پرواز 214 عازمین حج کو لے کر صبح 4 بج کر 45 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے روانہ ہوئی۔حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن سمیت دیگر حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید الحسن کا کہنا تھا کہ عازمین کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ وہ مناسک حج کے دوران پاکستان کی سلامتی کے لیے بھی دعائیں کریں۔

سرکاری اسکیم کے تحت کل سے حج آپریشن کا آغاز ہو گا اور 17 اگست سے حاجیوں کی واپسی شروع ہو گی اور پوسٹ حج آپریشن 14 ستمبر تک مکمل ہو گا۔

رواں سال پی آئی اے کی 300 خصوصی پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حج آپریشن کے سلسلے میں اسلام آباد ائیر پورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد ائیر پورٹ کے 10 خصوصی کاؤنٹرز کو مدینہ اور جدہ ائیر پورٹ سے لنک کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں