فیملی کورٹ نے فاطمہ سہیل کو خلع کی ڈگری جاری کردی

لاہور: لاہور کی فیملی عدالت نے فاطمہ سہیل کو خلع کی ڈگری جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے فاطمہ سہیل کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔ فاطمہ سہیل اور محسن عباس حیدر عدالت میں اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے۔ فاطمہ سہیل نے عدالت میں بیان دیا کہ میرا شوہر کے ساتھ اب گزارا ممکن نہیں ہے۔

میں شوہر کے ساتھ صلح نہیں کر سکتی۔ فاطمہ سہیل نے عدالت کے سامنے دیئے گئے بیان میں کہا کہ میں اپنے بیٹے کی پرورش خود کروں گی۔ میرا بیٹا مجھے جان سے بھی پیارا ہے۔

ماڈل فاطمہ سہیل کے بیان کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کر دی جس کے بعد اب ماڈل فاطمہ سہیل اور اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کا ازدواجی سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

یاد رہے کہ معروف گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر مار پیٹ کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر کے ماڈل نازش کے ساتھ تعلقات کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

فاطمہ سہیل کے حق میں شوبز سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے بھی بیان دیا اور بتایا کہ ہم محسن عباس حیدر کے رویے کے چشم دید گواہ ہیں۔ اداکار و گلوکار محسن عباس حید ر نے اہلیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کے جواب میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں