آزادی مارچ کیلئے مولانا فضل الرحمان 27 تاریخ پر نظرثانی کریں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے لیے 27 اکتوبر کی تاریخ پر نظرثانی کریں۔

شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کو مولانا نے مارچ کا اعلان کیا ہے اور 27 اکتوبر کو ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا اور یہ دن کشمیریوں سے منسوب ہے۔ اس روز دھرنے سے پاکستان اور کشمیر کے کاز کو نقصان پہنچے گا لہذا مولانا 27 تاریخ پر نظرثانی کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں اور 27 اکتوبر کو کشمیر کےعلاوہ کوئی بات ہوتی ہے تو بھارت اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا۔ یہ وہ دن ہے جس دن بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان احتجاج کریں لیکن اسے کشمیر کے ساتھ نتھی نہ کریں۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز حکومت کے خلاف 27 اکتوبر کو آزادی مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں