پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی 20 آج کھیلا جائیگا

لاہور:قذافی سٹیڈیم میں آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی 20 کھیلا جائیگا جس کیلئے دونوں ٹیمیں پہلے ہی لاہور پہنچ چکی ہیں جبکہ گزشتہ روز ٹرافی کے رونمائی کی گئی اور ٹیموں نے پریکٹس میں خوب پسینہ بہایا۔

تفصیلات کے مطابق تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج شام 6 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا ۔قومی ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کے سپرد ہے جبکہ سری لنکا کی کپتانی دشن شاناکا کریں گے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم میں بڑے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود اس ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 میچ ایک اچھی کارکردگی کی وجہ سے جیتا جا سکتا ہے، چاہے وہ بلے بازی کے شعبے میں ہو یا پھر گیند بازی کے شعبے میں۔ان کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمراکمل کی ٹیم میں واپسی پر خوش ہوں، دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے دوران بارش کا امکان موجود نہیں ہے تاہم شام کے وقت اوس پڑنے سے میدان گیلا ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں