بس اڈوں، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز پراسکیننگ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کنٹرول میں ہے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کروں گا، کورونا وائرس کے معاملات کی نگرانی خود کررہا ہوں، حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزراء اور ارکان اسمبلی نے حلقوں میں عوامی مسائل حل نہ کرنے پر شکایات کیں، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو جلد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔حلقے کے ترقیاتی مسائل کا علم ہے، تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ بیوروکریسی ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہی۔ جس پراجلاس میں عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے نیشنل پالیسی بنانے پر مشاورت کی گئی۔

کراچی سے ارکان اسمبلی نے کہا کہ کراچی میں ابھی تک احساس پروگرام کے تحت دیے گئے 140چیکس کیش نہیں ہوئے، جس سے عوام میں حکومت کا منفی تاثر جارہاہے۔

وزیراعظم نے احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کو معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ کورونا وائرس کنٹرول میں ہے،کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ کورونا وائرس کے معاملات کی نگرانی خود کررہا ہوں، حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹا چینی بحران میں جو بھی ملوث نکلا سخت کاروائی کروں گا، اگر بحران پیدا کرنے والوں میں میرا کوئی قریبی بھی پایا گیا تو بھی معاف نہیں کروں گا۔ اسی طرح بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔