کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں کاروباری اداروں کو مسائل سے بچانے کیلئے شرح سود سنگل ڈیجٹ میں لائی جائے، صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں اس وقت مندی کا شکار ہو گئی ہیں، موجودہ حالات میں کاروباری اداروں کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے حکومت شرح سود کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ تک لائے، سنگل ڈیجٹ انٹرسٹ ریٹ کی وجہ سے کاروباری اداروں کو بینکوں سے قرضوں کے حصول میں آسانی ہو گی جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور چین سمیت کئی ممالک نے شرح سود میں کمی کر دی ہے تا کہ کاروبار اداروں کو مشکلات سے بچایا جائے لیکن سٹیٹ بینک نے شرح سود میں صرف 75 بیسس پوائنٹس کی کمی ہے جو موجودہ حالات کے پیش نظر ناکافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے امریکہ نے شرح سود کو تقریباً زیرو فیصد تک کر دیا ہے اور معیشت کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے 700 ارب ڈالر کے ایک پروگرام کا اعلان کیا ہے اسی طرح آسٹریلیا نے بھی اپنے کاروباری اداروں کو مشکلات سے بچانے کیلئے 17 ارب ڈالر کے پروگرام کا اعلان کیا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کیلئے نئی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، ان حالات میں حکومت کو چاہئے کہ وہ موجودہ صنعتی یونٹس کو مناسب ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیکیج کا اعلان کرے تا کہ وہ اپنی بقا کو یقینی بنا سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ صنعتی وتجارتی اداروں کیلئے اس مشکل گھڑی میں ریلیف پیکیج فراہم کرنے پر غور کیا جائے تا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔