پی ایس ایل مالکان انعامی رقم کورونا وائرس کیلیے مختص کردیں:راشد لطیف

سابق کپتان راشد لطیف نے پی ایس ایل مالکان کو لیگ کی تمام انعامی رقم کرونا وائرس کے لئے مختص کرنے کا مشورہ دے دیا۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کا کہنا تھا کہ’’ پی ایس ایل کی انعامی رقم کو کرونا وائرس کی امدادی رقم میں استعمال کر لینا چاہیے، مجھے امید ہے کہ اس آزمائش کی گھڑی میں پی ایس ایل مالکان ایک بار پھر قوم اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے‘‘۔

واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی اور لاہور میں شائقین کے بغیر پاکستان سپر لیگ کے میچز کروائے گئے، پی ایس ایل 2020 میں کل 10 لاکھ امریکی ڈالرز کی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جانی تھی ، فاتح ٹیم کو ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم ملنی تھی،رنراپ ٹیم دو لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم لیکر جاتی۔

ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو4500 امریکی ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی ۔ 80 ہزار امریکی ڈالرز مالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہونی تھی۔ باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والےکھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جانی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں