کورونا کا ایک اور وار، ٹوکیو اولمپکس 2020ء ملتوی

چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والی وبا کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والا بین الاقوامی ملٹی سپورٹس ایونٹ ٹوکیو اولمپکس 2020ء ملتوی کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کے لیے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے۔
خیال رہے کہ کینیڈا نے ٹوکیواولمپکس کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کورونا کے پیش نظر اولیمپکس معطل کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے سوا اولمپک مقابلے ہر چار سال بعد باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہے ہیں اور اب تک افریقہ کے سوا ہر برِاعظم کو اس کی میزبانی کا موقع مل چکا ہے حالانکہ اولمپک کے پرچم پر موجود پانچ دائرے انہی براعظموں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

جنگ عظیم اول کے باعث 1916ء اور دوسری جنگ عظیم کے باعث 1940ء اور 1944ء کے مقابلے منسوخ کردیے گئے تھے جب کہ سرد جنگ کے باعث بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کے نتیجے میں 1980ء اور 1984ء کے مقابلوں میں شرکت محدود رہی۔اولمپکس ہر دو سال میں گمنام کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشہور ہونے اور خود کو منوانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مقابلے میزبان شہر، ملک اور قوم کے لیے خود کو دنیا بھر کے سامنے پیش کرنے کا موقع بھی ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں