ایمریٹس کے گراؤنڈ اسٹاف نے آخری پروازوں کے مسافروں کو الوداع کردیا

دنیا بھر میں ایمریٹس کے گراؤنڈ عملے نے دبئی آنے اور جانے والی اختتامی پروازوں پر مسافروں کو جذباتی انداز سے الوداع کیا ۔ اس حوالے سے 24 مارچ کو شام سوا چار بجے دبئی سے لندن کے لئے پرواز EK005روانہ ہوئی اور یہ دبئی سے روانہ ہونے والی آخری پرواز تھی۔ اسی طرح ساؤ پولو سے پرواز EK262مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 35 منٹ پر اتری ۔
یہ 25 مارچ کو دبئی آنے والی آخری پرواز تھی۔ ایمریٹس کی آئوٹ اسٹیشن ایئرپورٹ ٹیموں نے پروازوں کی معطلی کو عمل میں لانے سے قبل 39اسٹیشنز سے آخری پروازوں کے مسافروں کو روانہ کیا۔ ان اسٹیشنز میں پراگ، نیوارک، سیول ، لندن اسٹینسٹڈ اور زیورخ شامل ہیں۔ اگلے چند ہفتوں میں ایمریٹس کی آپریشنل ٹیمیں سروس کی بحالی کے لئے تیاری پر توجہ رکھیں گی۔

متحدہ عرب امارات حکومت کی ہدایات کے مطابق اپنے لوگوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچانے کے لئے ایمریٹس نے 25 مارچ 2020 سے عارضی طور پر تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ ایئرلائن حالات سازگار ہونے پر جلد مسافروں کو سفر ی خدمات فراہم کرنا شروع کر دے گی ۔ اس دوران ایمریٹس دنیا بھر میں طبی سامان اور خوراک سمیت اہم سامان کی نقل و حمل کے لئے بین الاقوامی فضائی کارگو میں تیزی لارہا ہے اور اپنے بوئنگ 777 فریٹرز کا بیڑہ اس کام پر معمور کررہا ہے۔