جدہ کے کچھ علاقوں میں بھی 24 گھنٹوں کا کرفیو نافذ کر دیا گیا

جدہ کے کچھ علاقوں میں بھی 24 گھنٹوں کا کرفیو نافذ کر دیا گیا، ان میں کیلو 14 جنوب، کیلو 14 شمال، المحجر، غلیل، قریات، کیلو 13، بترومین کے علاقے شامل، نقل و حرکت پر مکمل پابندی رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعد جدہ میں بھی 24 گھنٹے کرفیو کا نفاذ کر دیا ہے۔ تاہم یہ کرفیو پورے شہر کی بجائے مخصوص علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کرفیو کا نفاذ کیلو 14 جنوب، کیلو 14 شمال، المحجر، غلیل، قریات، کیلو 13، بترومین کے علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ ان تین شہروں میں کرفیو کے نفاذ کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں اس وقت لاک ڈان ہے۔

مملکت میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ رک نہیں رہا، اسی باعث سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان محمد العبدال العالی نے بتایاہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے مزید 154 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2039 ہوگئی ہے۔ 1663 افراد کا معائنہ جاری ہے جن کی رپورٹس جلد سامنے آ جائیں گی۔ متاثرہ مریضوں میں سے 41 کی حالت خطرے میں ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے تین افراد میں کرونا کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 151 مقامی افراد ہیں جنہیں دوسرے لوگوں کے ذریعے یہ بیماری لاحق ہوئی ہے۔
ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہنگامی ضرورت کے سوا گھر سے باہرنہ جائیں۔عبدالعالی نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب میں کرونا کا شکار ہونے والے 351 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 25 اموات تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں حتمی طورپر کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم سعودی عرب میں موذی بیماریوں کا شکار افراد، عمر رسیدہ اور کمزور صحت کے لوگ اس بیماری کا زیادہ شکار ہوئے ۔
اس وقت مدینہ منورہ میں کرونا کے 34، ریاض میں 13، جدہ میں 30، مکہ مکرمہ میں 21 ، قطیف میں 6 اور تبوک میں 17 کیسز سامنے آئے ہیں۔کرونا کے خطرے کے پیش نظر ملک میں جاری لاک ڈائون اور کرفیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر شہر میں پابندی کی نوعیت الگ الگ ہے۔