پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 24 اپریل تک توسیع کا امکان

پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 24 اپریل تک توسیع کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج کوروناوائرس کی روک تھام سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت اجلاس ہوا ہے جس میں کورکمانڈرلاہور، ڈی جی رینجرز پنجاب بھی شریک ہوئے اجلاس میں شرکا نے پنجاب میں لاک ڈاؤن میں توسیع پرغور کیا ہے۔ صوبے میں لاک ڈاؤں میں 24 اپریل تک توسیع اور اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونےکاامکان ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کور کمانڈر لاہور نے حفاظتی اقدامات ودیگر امور پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے 216 علاقے سیل کردیے گئے، پنجاب کے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا ہے کہ صوبے کے 216 علاقے سیل کرکے انہیں ہاٹ سپاٹ ایریاز قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق کلسٹر لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا ہے کہ گوجرانوالہ اور گجرات میں پہلے سے سیل کردہ 4 ایریاز کو ’ڈی سیل‘ کیا جا چکا ہے۔ ’ڈی سیل کیے گئے علاقوں کے تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔‘ انھوں نے کہا ہے کہ جزوی اور ہدف کے مطابق لاک ڈاؤن سے معمولاتِ زندگی کو کم سے کم حد تک روکتے ہوئے کورونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے آئندہ تین سے چار ہفتوں کو اہم قرار دیا ہے اور عوام سے گھروں تک محدود رہنے کی گزارش کی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 254 مزید مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 14مزید اموات سے کل تعداد 86 ہوگئی ہے جبکہ 1026 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انتقال کرنے والوں میں سندھ 28، پنجاب 19، خیبرپختونخواہ 25، گلگلت 3، بلوچستان میں1، اسلام آباد ایک مریض جاں بحق ہوا۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھرمیں اب تک57 ہزار836 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ٹیسٹوں کی تعداد بڑھانے سے ہی مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں زیر علاج کورونا وائرس کے 1026 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔