پاکستان میں کورونا کے پھیلاﺅ میں اضافہ ‘ 22دنوں میں194اموات

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور مزید کیسز کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد 10 ہزار 927 جبکہ اموات 230 ہوگئی ہیں. چین سے شروع ہونے والا یہ وائرس جہاں دنیا کے 185 سے زائد ممالک کو متاثر کرکے اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی جان لے چکا ہے وہیں پاکستان میں اس کے پھیلاﺅ میں تیزی دیکھی جارہی ہے.
اگرچہ پاکستان میں 26 فروری کو وائرس کے آغاز سے 31 مارچ تک اس کے پھیلاﺅ میں اتنی تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل کے مہینے میں اس عالمی وبا کا پھیلاﺅ میں یکدم تیز ہوا ہے اور روزانہ سینکڑوں افراد اس سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے.

صرف اگر اپریل کی بات کریں تو گزشتہ 22 دنوں میں تقریباً ساڑھے 8 ہزار کیسز اور 194 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ اس کے مقابلے میں فروری و مارچ کے 35 روز میں 2000 کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئی تھیں‘مزید یہ کہ حکومتی سطح پر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ مئی کے وسط میں کورونا وائرس کی صورتحال پاکستان میں مزید خراب ہوسکتی ہے اور اس سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاﺅن میں نرمی کی جارہی ہے اور عندیہ دیا جارہا ہے کہ رمضان المبارک میں لاک ڈاﺅن میں نرمی رہے گی جبکہ ماہرین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاﺅن میں نرمی کی پالیسی سے اپریل میں اچانک وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافہ ہوا ہے اور اگر رمضان میں نرمی کی گئی تو مئی سے جون تک صورتحال تباہ کن ہوسکتی ہے.
تاہم اس وقت حکومت کی طرف سے اس وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور کہیں پابندیاں تو کہیں جزوی لاک ڈاﺅن کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز میں اضافے کا سلسلہ جارہی ہے‘آج23 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں. وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں مزید 298 نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 3671 تک پہنچ گئی ہے‘اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 4 افراد انتقال کرچکے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 73 ہوگئی ہے.
پنجاب میں بھی جمعرات کو مزید 116 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق کردی گئی اس حوالے سے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 4706 ہوگئی ہے. ان 4706 افراد کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ زائرین سینٹر میں 768 افراد، رائے ونڈ سے منسلک 1915 افراد، 1937 عام شہری اور 86 قیدی ہیں انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 66 ہزار 30 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں.
صوبے میں اموات کے بارے میں ترجمان نے بتایا کہ مزید 4 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس سے صوبے میں مجموعی تعداد 60 ہوگئی ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 905 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 20 افراد کی حالت تشویشناک ہے. صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کے انتقال کرنے کی تصدیق کی گئی ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 552 ہے جبکہ اب تک 8 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں 338 افراد مقامی طور پر وائرس کی منتقلی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں.
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم کی گئی ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 10 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے. ان 10 نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 204 تک پہنچ گئی خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ تعداد 194 پر موجود تھی‘ ملک میں ایک بات جو حوصلہ افزا اور مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے وہ لوگوں کا جلد شفایاب ہونا ہے.
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 181 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحت یاب افراد کی تعداد 2156 سے بڑھ کر 2337 تک پہنچ گئی ہے. ان نئے کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے تاہم اموات کی شرح خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہے.
پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 4 ہزار 706 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جو مجموعی تعداد کا 40 فیصد سے زائد ہے اسی طرح سندھ میں کیسز کی تعداد دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ یعنی 3 ہزار 671 ہے، جو مجموعی تعداد کا 30 فیصد سے زیادہ بنتا ہے. خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 1453 ہے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 552 تک پہنچ چکی ہے‘ اسلام آباد میں 204 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور گلگت بلتستان میں کورونا وبا کا شکار افراد کی تعداد 290 ہے.
آزاد جموں و کشمیر اب تک کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے اور یہاں متاثرین کی تعداد 51 تک پہنچی ہے اموات کے حساب سے خیبرپختونخوا پہلے اور سندھ دوسرے نمبر پر ہے ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 183 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے.