بہن رنگولی کی متنازع ٹوئٹ کا سپورٹ کرنا کنگنا کو مہنگا پڑ گیا

چند روز قبل جہاں بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن رنگولی چینڈل کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مسلم مخالف ٹوئٹ کرنے کے بعد معطل کیا گیا تھا وہیں اب کنگنا رناوت کے خلاف بھی پولیس میں شکایت درج کروادی گئی۔بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے حال ہی میں اپنی بہن رنگولی چینڈل کے سپورٹ میں ایک ویڈیو ریلیز کی تھی۔
اپنی ویڈیو میں کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ اگر ایسی کوئی ٹوئٹ بھی موجود ہوتی جسے جار حانہ کہا جاسکے تو وہ اور رنگولی خود عوام سے معافی مانگیں گی۔انہوں نے کہا کہ ’میری بہن رنگولی نے ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو ڈاکٹرز اور پولیس پر حملہ کررہے تھے‘۔کنگنا کے مطابق فرح علی خان اور ریما کاگتی جیسی شخصیات نے ان کی بہن پر جھوٹے الزامات لگائے۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ علی کاشف خان نے کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چینڈل دونوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کنگنا رناوت اپنی مقبولیت اور پیسے کا استعمال کسی صحیح جگہ کرنے کے بجائے بھارت میں نفرت کو فروغ دے کر کررہی ہیں اور اس میں اپنا فائدہ ڈھونڈ رہی ہیں۔کنگنا رناوت نے اس شکایت کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔یاد رہے کہ رنگولی چینڈل جو کہ کنگنا کی منیجر بھی ہیں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارت میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن سے متعلق متنازع ٹوئٹ کی جبکہ مولوی اور میڈیا کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش بھی کی تھی۔