چودھری شجاعت کی کورونا صورتحال میں اپوزیشن ملکر چلنے کی دعوت

مسلم لیگ کے صدرچودھری شجاعت حیسن نے کورونا کیخلاف اپوزیشن ملکر چلنے کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں، بلکہ حکومت اوراپوزیشن کو کورونا کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حیسن کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، کامل علی آغا اور دوسرے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ چودھری شجاعت حیسن نے اپوزیشن کو کورونا کے خلاف مل کر چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، احتیاطی تدابیرکو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں ضروری سامان کی تقسیم جاری رکھیں گے۔ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد بھی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی بھی اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اوورسیزپاکستانی اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ اس موقع پر چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ کورونا سے لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مشکل وقت میں مسلم لیگ ق عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ دوسری جانب پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 256 ہوگئی ہے، مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 12227 تک جا پہنچی ۔ ہفتہ ملک بھر سے اب تک کورونا وائرس کے مزید 491 کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جن میں سندھ میں 287 کیسز اور 3 ہلاکتیں، پنجاب سے 195 کیسز 5 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبے میں فکورونا کے مزید 287 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3 اموات بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔وزیراعلیٰ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 اور اموات 78 ہوگئی ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے اب تک کورونا وائرس کے مزید 195 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 5046 اور اموات 73 ہوگئی ہیں۔پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 223 ہوگئی ہے ، شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔