اسلام آباد، پشاوراورگردونواح میں5.2 شدت کا زلزلہ، لوگ خوف میں مبتلا

سوات اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے زور دارجھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، زلزلے کی شدت اور گہرائی دونوں زیادہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اورشمالی علاقہ جات کے قبائلی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پہاڑی علاقے اورعمارتیں لرز گئیں ۔
جس سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات ، شانگلہ، نوشہرہ، مردان، مینگورہ، اپردیر، لوئردیر، تیمرگرہ، بٹ خیلہ اور ملاکنڈ میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی 186کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ لوگوں نے اللہ کا شکر ادا کیا ہے کہ ابھی تک زلزلہ زدہ علاقے میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔